سردار تنویر الیاس نے عمران خان کو نام نہاد سیاسی رہنما قرار دے دیا

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے عمران خان کو نام نہاد سیاسی رہنما قرار دے دیا۔

جناح ہاؤس لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سردار تنویر الیاس نے کہا کہ عمران خان نے نوجوانوں کو گمراہ کیا اور جھوٹے وعدے کیے۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد سیاسی لیڈر عمران خان سے مختلف باتوں پر اختلاف تھا، جس نے ملک کے نوجوانوں کو خواب دکھائے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان آپ نے کہا تھا کہ فلاں ملک کا وزیراعظم پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا واقعہ عمران خان کا لگایا ہوا پودا تھا، پاک فوج وہ ادارہ ہے جو ملک کے تحفظ کےلیے قربانیاں دیتا ہے۔

سردار تنویر الیاس نے مزید کہا کہ ہم پی ٹی آئی کی دلدل میں پھنسے رہے، تحریک انصاف کے سوشل میڈیا ورکرز کی بڑی تعداد ملک سے باہر بیٹھی ہے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پوری دنیا بابائے قوم کے کردار کی تعریف کرتی ہے۔ اُن سے جڑی چیزوں کا احترام ہم پر فرض ہے۔ کیسے کوئی نالائق آدمی ان چیزوں کو جلا سکتا ہے؟