یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے: راجہ پرویز اشرف

یوم تکبیر پر اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 28 مئی کا دن ملک کی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔ یوم تکبیر پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

اپنے پیغام میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ 28 مئی کو پاکستان ایک ایٹمی قوت کے طور پر دنیا کے سامنے ابھرا۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو سیاسی قیادت، مسلح افواج اور اپنے ایٹمی سائنسدانوں پر فخر ہے۔ 28 مئی کو سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے عزم کی تکمیل ہوئی۔

راجہ پرویز اشرف نے مزید کہا کہ نواز شریف نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

دریں اثناء ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہمیں 28 مئی 1998 کے عظیم الشان دن کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان نے بھارت کے ایٹمی دھماکے کے جواب میں 28 مئی 1998 کو 5 ایٹمی دھماکے کیے۔

زاہد اکرم درانی کا کہنا تھا کہ 28 مئی کو پاکستان کو اسلامی دنیا کا پہلا ایٹمی طاقت بننے کا اعزاز حاصل ہوا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کا دفاع اور ایٹمی اثاثے مضبوط ہاتھوں میں ہیں۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ملک کی تعمیر و ترقی میں سب کو اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔