مالی سال 2023-24 کا بجٹ 9 جون کو ہی پیش ہو گا

وزارت خزانہ نے کہا ہے کہ مالی سال 2023-24 کا بجٹ 9 جون کو ہی پیش ہو گا۔

سالانہ پلان کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 2 جون کو اور قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس 3 جون کو طلب کر لیا گیا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق موجودہ مالی سال جی ڈی پی گروتھ کا تخمینہ اعشاریہ دو نو فیصد ہے، نئے مالی سال 2023-24 کے لیے بجٹ اہداف کو حتمی شکل دی جائے گی، وفاقی ترقیاتی پروگرام کی مد میں 7 سو ارب روپے تجویز کیے ہیں۔

وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم وفاقی ترقیاتی پروگرام ایک ہزار ارب روپے تک بڑھا سکتے ہیں، اگلے مالی سال کے بجٹ کا مجموعی حجم 14 ہزار 6 سو ارب سے زیادہ رکھنے کی تجویز ہے۔

بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے کمیٹیاں بھی قائم کر دی گئیں، اگلے سال کے لیے معاشی شرح نمو کا ہدف تین فیصد سے زیادہ رکھنے کی تجویز ہے۔