جو جرم عمران خان نے کیا اس کی اپنی جماعت بھی اس گھناؤنے جرم کا ساتھ دینے کو تیار نہیں:مریم نواز

چیف آرگنائزر مسلم لیگ (ن) مریم نواز کا کہنا ہے کہ جو جرم 9 مئی کو عمران خان نے کیا اس کی اپنی جماعت بھی اس گھناؤنے جرم کا ساتھ دینے کو تیار نہیں۔

اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ پاکستان کیلئے تھوڑا سا بھی درد رکھنے والا سیاست میں تشدد کا حامی نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں پر تو عمران نے ملک ہی جلا ڈالا، کوئی ذی شعور پاکستانی فوجی تنصیبات پر حملہ، ان میں توڑ پھوڑ، جلانے کی حمایت نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی پاکستانی سرکاری و ریاستی عمارتوں میں توڑ پھوڑ اور جلانے کی حمایت نہیں کر سکتا۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہ کام ٹی ٹی پی نے کیا یا پی ٹی آئی نے، یاد رکھیں، سیاست، سیاسی تقسیم بعد میں، پاکستان پہلے ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں ایسی پرتشدد سوچ رکھنے والے گروہ کی کوئی جگہ نہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس لیے یہ تخریب کار گروہ اپنے انجام کو پہنچا، پاکستان اب سکھ کا سانس لے گا اور آگے بڑھے گا، انشاءاللّہ۔