پنجاب پولیس کاڈاکٹر یاسمین راشد کی رہائی کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ

پنجاب پولیس نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد کی رہائی کا حکم چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ جناح ہاؤس پر حملے کی تحقیقات سائنسی بنیادوں پر آگے بڑھائی جا رہی ہیں۔

پنجاب پولیس کے مطابق یاسمین راشد سمیت جو بھی اس حملے میں ملوث ہے، اسے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یاسمین راشد کی رہائی کا فیصلہ چیلنج کریں گے۔ ابھی ابتدائی مرحلے کا فیصلہ ہے، تفتیش کرنا پولیس کا حق ہے۔

پنجاب پولیس کے مطابق تمام حقائق اور فارنزک شواہد عدالت میں پیش کیے جائیں گے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش مکمل کیے بغیر حملے میں ملوث افراد کے بارے میں حتمی رائے قائم کرنا درست نہیں۔