اردن کی شاہی شادی میں قطر کی شیخہ موزہ کی جانب سے پہنے گئے لباس کے انٹرنیٹ پر چرچے

گزشتہ ہفتے اردن کے ولی عہد شہزادہ ال حسین بن عبداللّٰہ اور سعودی خاتون رجوہ آل سیف کی ہونے والی شادی کا تذکرہ اب تک جاری ہے۔

شہزادہ ال حسین بن عبداللّٰہ اور سعودی خاتون رجوہ آل سيف کی شاہی شادی کی تقریب میں تقریباً 1700 اہم شخصیات نے شرکت کی جبکہ سوشل میڈیا پر لاکھوں صارفین تصویریں اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔

اس شاہی شادی کا چرچا دنیا بھر میں ہوا، جمعرات کی شام دنیا بھر کے کئی ٹیلی ویژن چینلز پر اردن کے ولی عہد اور شہزادی رجوہ کی شادی کی تقریبات دکھائی گئیں۔

اس شاہی جوڑے کے مداحوں اور چاہنے والوں کی نظر جہاں اس جوڑے پر ٹکی رہی وہیں اس میں شرکت کرنے والی دیگر شاہی شخصیات پر بھی عوام نے خوب توجہ دی۔

اِن نامور شخصیات میں امریکی خاتون اول جِل بائیڈن، برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن، قطر کے امیر کی والدہ شیخہ موزہ بنت ناصر سمیت بیلجیئم، اسپین، ڈنمارک، ہالینڈ اور جاپان کے شاہی خاندانوں کے افراد نے بھی شرکت کی تھی۔

اس شاہی جوڑے نے کیا پہنا ہے، یہ تو سب ہی کے لیے جاننا بہت اہم اور دلچسپی کا حامل پہلو تھا مگر اس میں شرکت کرنے والی دیگر معروف شخصیات نے کیا پہنا ہے اس پر بھی سب کی کڑی نظر رہی۔

ایسے میں قطر کی 63 سالہ شہزادی، شیخہ موزہ بنت ناصر المسند (جو قطر کے امیر شیخ تمیم کی والدہ ہیں) کے لباس کے بھی انٹرنیٹ پر خوب چرچے ہو رہے ہیں۔

شیخہ موزہ اپنے خوبصورت فیشن ایبل پہناوے کے لیے جانی جاتی ہیں اور اُنہوں نے اس موقع کے لیے دو مختلف لیکن یکساں طور پر شاندار لباس پہنے۔

شیخہ موزہ بنت ناصر المسند نے شادی کی مرکزی تقریب کے دوران ویلنٹینو کے سیاہ لباس کے ساتھ ایک لمبا سیاہ اور گلابی کوٹ پہنا ہوا تھا۔

اس دوران انہوں نے سیاہ ہیٹ، بالیاں، ہیرے کی انگوٹھیاں، ایک سادہ کالا کلچ اونچے لمبی ایڑھی کی سینڈل کے ساتھ گلابی، سلک پمپس پہنے ہوئے تھے۔

دوسرا لباس (گاؤن) انہوں نے رات کی تقریب کے لیے منتخب کیا جس کا ہلکا سبز رنگ تھا، اس گاؤن کے ساتھ انہوں نے اپنا سر ڈھانپا ہوا تھا اور ساتھ میں ایک چھوٹا سا سونے کا کلچ اٹھایا ہوا تھا۔