ڈاکٹر سیمی جمالی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

سابق سربراہ جناح اسپتال کراچی ڈاکٹر سیمی جمالی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ انہیں قریبی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

سیمی جمالی کی نماز جنازہ ڈاکٹرز کالونی جناح اسپتال کی مسجد میں ادا کی گئی۔

نماز جنازہ میں ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب، جناح اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر شاہد رسول، صوبائی وزیر سعید غنی، تاج حیدر، امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان سمیت دیگر نے شرکت کی۔

اس موقع پر سینیٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ شعبہ طب میں سیمی جمالی کی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔

سربراہ جناح اسپتال شاہد رسول نے کہا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی کی خدمات قابل قدر ہیں۔ ایمر جنسی وارڈ کا نام ڈاکٹر سیمی جمالی سے منسوب کیا جائے گا۔

امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ ڈاکٹر سیمی جمالی ایک مضبوط اور دلیر خاتون تھیں۔