پی ایس ایل الاؤنسز کا معاملہ بورڈ کیلیے دردِ سر بن گیا

کراچی: پی ایس ایل کے الاؤنسز کا معاملہ بورڈ کیلیے دردِ سر بن گیا۔

کئی برس گذرنے کے باوجود آڈٹ رپورٹ کا اعتراض موضوع بحث ہے، گذشتہ دنوں قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں بھی اس پر بات ہوئی، اگر معاملہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھیجا گیا تو آفیشلز کو اضافی رقم واپس بھی کرنا پڑ سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کا جب آغاز ہوا تو چیئرمین نجم سیٹھی اور دیگر ٹاپ آفیشلز نے لیگ کیلیے کام کرنے والے آفیشلز کو الاؤنس دینے کا فیصلہ کیا، تب جس فارمولے پر اتفاق ہوا اس کے تحت بعض ملازمین کو تخواہ کا کچھ فیصد حصہ بطور الاؤنس دیا جاتا، چند لوگ لیگ کے6 ماہ پہلے سے ہی اس کیلیے کام کر رہے تھے جبکہ کچھ ایک ماہ قبل کرتے، ان کو اسی حساب سے ادائیگی ہوئی،چند سال بعد اس حوالے سے جب میڈیا میں خبریں آئیں تو ان الاؤنسز کو تنخواہ کا مستقل حصہ بنا دیا گیا۔

قوانین کے تحت الاؤنسز کوکسی بھی وقت ختم کیا جا سکتا ہے جبکہ تنخواہ مستقل رہتی ہے، آڈٹ رپورٹ کے مطابق اس سے11آفیشلز نے فائدہ اٹھایا، ان میں سے بعض اب پی سی بی کا حصہ نہیں رہے جبکہ چند کے عہدے تبدیل اور تنخواہوں میں بھی بہت اضافہ ہو چکا ہے۔

سینئر جنرل منیجر آپریشنز (لاجسٹک) اسد مصطفیٰ کی گروس سیلری 4 لاکھ 9 ہزار 762 روپے تھی،پی ایس ایل الاؤنس کے91 ہزار شامل کرنے کے بعد5 لاکھ 45 ہزار836 ہو گئی، جنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ آپریشنز عثمان واہلہ کو2لاکھ 75 ہزار 616روپے کی گروس تنخواہ میں 76ہزار500کا الاؤنس ملا،اس سے رقم3 لاکھ 82 ہزار328 ہو گئی۔

سینئر منیجر لاجسٹک مقصود احمد خان کے ایک لاکھ85 ہزار 315 روپے میں 30 ہزار500 روپے شامل ہونے سے تنخواہ2 لاکھ 36 ہزار597 ہو گئی۔ منیجر اپیرل اینڈ ٹیم آپریشنز فاروق احمد بھٹی کے1لاکھ 12 ہزار 78 روپے میں 28 ہزار 500 روپے شامل ہوئے اور رقم ایک لاکھ54 ہزار936 ہو گئی۔ منیجر نیو میڈیا عون زیدی کے2 لاکھ ایک ہزار761 روپے میں 34 ہزار500 روپے شامل ہونے سے 2لاکھ 60 ہزار 187 تنخواہ ہو گئی۔ ویب ڈیولیپر اینڈ ان پٹ ایڈمنسٹریٹر محمد اسحاق کے 1 لاکھ 31 ہزار 926 روپے میں 22 ہزار500روپے شامل ہونے سے رقم 1لاکھ 70 ہزار 169 ہو گئی۔

جی ایم فنانس اینڈ اکاؤنٹس عتیق رشید کی تنخواہ 3 لاکھ 44 ہزار100 میں ایک لاکھ روپے الاؤنس کے شامل کرنے سے مجموعی رقم 4 لاکھ 83 ہزار510 ہو گئی۔ منیجر فنانس بلال حنیف ایک لاکھ2 ہزار826 میں 26ہزار شامل ہوئے اور رقم 1لاکھ 40 ہزار909 ہو گئی، منیجر اکاؤنٹس عدیل الرحمان کے 1 لاکھ 49 ہزار 637 روپے میں 25 ہزار 500روپے شامل ہوئے اور مجموعی رقم 1 لاکھ 91 ہزار 851 بن گئی، اس وقت کے جنرل منیجر لیگل افیئرز سلمان نصیر کی تنخواہ 3 لاکھ 46 ہزار875 میں 75 ہزار کا اضافہ ہوا اور مجموعی رقم 4 لاکھ 59 ہزار63 روپے ہو گئی۔

ڈائریکٹر سیکیورٹی محمد اعظم خان کی تنخواہ 4 لاکھ48 ہزار856 میں 66 ہزار کا اضافہ ہوا اور مجموعی تنخواہ 5لاکھ 45 ہزار836 ہو گئی،گروس سیلری میں پی ایس ایل کے علاوہ دیگر الاؤنس بھی شامل ہوئے تھے ۔ آڈٹ رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ اضافی رقم تنخواہ سے ہٹائی جائے اور سابقہ کو ریکور کرایا جائے۔ اگر یہ کیس قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھیجا گیا تو ان آفیشلز سے رقم واپس مانگی جا سکتی ہے۔