اِس وقت سب سے پاورفل نوازشریف ہیں جن کی مرضی سے فیصلے ہو رہے ہیں: اعتزاز احسن

سینیئر قانون دان اور سیاستدان بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اِس وقت سب سے پاورفل نوازشریف ہیں جن کی مرضی سے فیصلے ہو رہے ہیں ، آصف زرداری کی سیاست کامیاب ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعتزاز احسن نے کہا لاہورپولیس نے 9 مئی کے واقعات کی مانیٹرنگ لائن تو جاری کی ہے لیکن وہ خود کہاں تھی؟ یہ مانیٹرنگ لائن ہی اس کے گلے پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو آئی جی، ڈی آئی جی، ایس ایس پی کہاں تھے؟ اتنے بڑے واقعات ہوگئے کہیں پولیس نہیں پہنچی، ان بلوائیوں کے پاس آتشیں اسلحہ نہیں تھا، رائفل چلنے کا، پستول چلنے کا کوئی واقعہ نہیں ہوا، اتنا کچھ ہوگیا آئی جی کا ابھی تک تبادلہ نہیں کیا گیا۔

اعتزاز احسن کا کہناتھاکہ چیف جسٹس کو سیاسی مذکرات کا مشورہ دینے کے بجائے الیکشن کی تاریخ دینی چاہیے۔

ان کا کہنا تھاکہ میں چیئرمین پی ٹی آئی کو کوئی مشورہ نہیں دوں گا، پی ٹی آئی کا ووٹ بینک نہیں ٹوٹا وہ قائم ہے، پی ٹی آئی نے اسمبلی سے باہر آنے کا غلط فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں پاورفل نواز شریف ہےسب فیصلے اسکی مرضی سے ہوتے ہیں، سیاست سے کسی کو دور نہیں کیا جا سکتا، آصف زرداری کمال کے سیاستدان ہیں جب چاہیں شہبازشریف کو انگلی کے اشارے سے بلالیتے ہیں۔