اومان کے سلطان ایران کے دو روزہ دورے پر تہران پہنچ گئے

اومان کے سلطان حیثم گزشتہ روز ایران کے دو روزہ سرکاری دورے پر تہران پہنچے۔

ایئرپورٹ پر سلطان حیثم کا استقبال ایران کے نائب صدر محمد مخبر دیزفولی نے کیا۔

سلطان حیثم کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا حکومتی وفد بھی تہران پہنچا ہے جس میں مسلح افواج کے سربراہ وائس ایڈمرل عبداللّٰہ بن خمیس رئیسی، وزیر خزانہ اور وزیر دفاع بھی شامل ہیں۔

اومان نیوز ایجنسی کے مطابق تہران کی صدارتی عمارت میں سلطان حیثم کے قافلے کو استقبالیہ دیا گیا۔

قصر صدارت پہنچنے پر سلطان حیثم کو گارڈ آف آنر دیا گیا، یہاں ان کی ملاقات صدر ابراہیم رئیسی سے ہوئی۔

سعودی عرب اور ایران کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی میں اومان نے بھی کردار ادا کیا تھا۔

اومان نے بہت عرصے مغربی ممالک کی طرف سے ایران کیلئے مذاکرات کار کا کردار بھی ادا کیا ہے، ایران کے زیر حراست کئی غیر ملکیوں اور دہری شہریت والوں کی رہائی کیلئے اومان نے مذاکرات کیے ہیں۔