جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے ملزمان چیئرمین پی ٹی آئی کی گاڑی پر سوار تھے

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں چیئرمین پی ٹی آئی کی بلٹ پروف گاڑی کی سپرداری کے معاملے پر جمع کرائی گئی تفتیشی افسر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ کے ملزمان چیئرمین پی ٹی آئی کی گاڑی پر سوار تھے۔

بلٹ پروف گاڑی کی سپر داری کے معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل وکیل مرزا عاصم اے ٹی سی جج راجہ جواد عباس کی عدالت پیش ہوئے۔

تفتیشی افسر کی جانب سے اے ٹی سی میں رپورٹ جمع کرا دی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گاڑی کی چھت پر دیگر ملزمان سوار ہوئے، جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ میں ملوث ملزمان چیئرمین پی ٹی آئی کی گاڑی پر بیٹھے تھے، چیئرمین پی ٹی آئی کی بلٹ پروف گاڑی تھانہ شالیمار کی تحویل میں ہے۔

وکیل مرزا عاصم نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ پیشی پر گاڑی خراب ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی دوسری گاڑی میں روانہ ہوئے تھے، مالک کا اتھارٹی لیٹر موجود ہے، گاڑی کی سپر داری کا حکم دیا جائے۔

اےٹی سی کے جج نے کہا کہ گاڑی کے مالک کے بغیر گاڑی کی سپرداری نہیں کی جا سکتی۔

اے ٹی سی نے تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت ذاتی حیثیت میں کل طلب کر لیا اور کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔