پاکستان میں مقیم ترک شہریوں نے اردوان کو پہلے سے زیادہ ووٹ دیکر کامیابی دلوادی

ترکیہ کے صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں کامیابی حاصل کرکے رجب طیب اردوان دوبارہ صدر منتخب ہوگئے۔

گزشتہ روز ہونے والے انتخاب کے نتائج کے مطابق صدر اردوان 2 کروڑ 78 لاکھ 34 ہزار 692 ووٹ لیکر فاتح رہے۔ ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 2 کروڑ 55 لاکھ 4 ہزار 552 ووٹ لے سکے۔

اس کے علاوہ دنیا بھر میں بھی اوورسیز ترک شہریوں نے بھی حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسلام آباد میں بھی ترک سفارتخانے میں 20 اور 21 مئی کو صدارتی انتخاب کی پولنگ ہوئی تھی جس میں ترک شہریوں نے اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

ترک میڈیا کے مطابق پاکستان میں صدر اردوان کو 14 مئی کے مقابلے میں زیادہ ووٹ ملے ہیں۔ صدر اردوان 423 ووٹوں میں سے 306 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے، ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار نے 108 ووٹ حاصل کرسکے۔

خیال رہےکہ 14 مئی کو پاکستان سے صدر طیب اردوان نے 261 ووٹ حاصل کیے تھے جبکہ کمال قلیچ دار اوغلو نے 102 ووٹ حاصل کرسکے تھے۔