ہمیں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اب ہم تباہی کے دہانے پر نہیں ہیں:وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اب ہم تباہی کے دہانے پر نہیں ہیں۔

سوشل میڈیا پر جاری طویل پوسٹ میں وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا کہ لگتا ہے معیشت پر عمران خان کی سمجھ بوجھ بہت محدود ہے، عمران خان معاشی چیلنجز کو بڑھانے میں اپنا کردار آسانی سے بھول جاتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ ختم کر کے عمران خان نے ہمیشہ چاہا کہ پاکستان دیوالیہ ہو جائے، لگاتار احتجاج، لانگ مارچ اور دھرنوں سے بھی معیشت پر بہت برا اثر پڑا، سیاسی عدم استحکام پیدا ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستانی سرمایہ کار بھی عمران خان کے پیداکردہ غیر مستحکم ماحول میں سرمایہ کاری سے کتراتے ہیں، صرف 9 مئی کے خوفناک واقعات نے ہی معیشت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا، 9 مئی کے واقعات عمران خان کے ناپاک عزائم کی ناقابل تردید توثیق ہیں، عمران خان کے بے شمار کرپشن کیسز اس سب کے علاوہ ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں لکھا کہ ہمیں معاشی چیلنجز کا سامنا ہے لیکن اب ہم تباہی کے دہانے سے ہٹ گئے ہیں، سخت معاشی اقدامات، بروقت پالیسی مداخلت کے ذریعے معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی کوششیں جاری ہیں، جہاں ضرورت ہے وہاں دوستوں اور شراکت داروں سے مل کر مالیاتی کمزوریوں سے نمٹ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے اصل چیلنج درآمدات پر انحصار کم کر کے مہنگائی کو کم کرنا ہے، برآمدات، سرمایہ کاری، پیداواریت کو معیشت کی بنیاد بنا کر یہ مقاصدحاصل کیے جا سکتے ہیں، ہماری کوششیں انہی مقاصد کے حصول کی جانب ہیں۔