بھارت :شوہر نے سوشل میڈیا زیادہ استعمال کرنے پر بیوی کو جان سے مار دیا

بھارت میں شوہر نے سوشل میڈیا زیادہ استعمال کرنے پر بیوی کو جان سے مار دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تامل ناڈو کے ضلع تروپور میں اتوار کے روز شوہر نے بیوی کو اپنی شال کی مدد سے گلا گھونٹ کر اس کی جان لے لی۔

رپورٹس کے مطابق 38 سالہ شوہر بیوی کے ہر وقت سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ریلز بنا کر اپ لوڈ کرنے کی وجہ سے کافی تنگ تھا۔

مقتولہ ایک گارمنٹس فیکٹری میں کام کرتی تھی اور اسے ٹک ٹاک اور انسٹاگرام پر ریلز پوسٹ کرنے کی عادت تھی۔ شوہر اور خاتون کے درمیان سوشل میڈیا پر ہر وقت ریلز پوسٹ کرنےکہ وجہ سےجھگڑا ہوتا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر زیادہ فالورز حاصل کرنے کے بعد خاتون اداکاری کے شعبے میں قدم رکھنے کے لیے گھر چھوڑ کر چنئی چلی گئی تھی۔

تاہم گزشتہ دنوں وہ اپنی بیٹی کی شادی میں شرکت کے لیے گھر آئی اور تقریب میں شرکت کے بعد وہ دوبارہ چنئی جارہی تھی کہ شوہر نے اسے روکا اور دونوں کے درمیان ایک بار پھر جھگڑا ہوا۔

رپورٹس کے مطابق شوہر اپنی بیوی کی سوشل میڈیا پر ریلز پوسٹ کرنے اور پھر اداکاری کرنے کے فیصلے سے تنگ تھا اس لیے اس نے غصے میں آکر شال کی مدد سے بیوی کا گلا گھونٹ کر اسے مار دیا اور پھر موقع سے فرار ہوگیا۔

خاتون کی بیٹی کو ماں کے ساتھ پیش آئے واقعہ کی اطلاع ملی تو اس نے پولیس کو اطلاع دی، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔