کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش شروع ہو گئی۔

کراچی کے علاقوں شارعِ فیصل، ملیر، گلستانِ جوہر، ناظم آباد، کلفٹن، قیوم آباد، کورنگی، لانڈھی، صدر، کشمیر روڈ، ایف بی ایریا، گلشنِ اقبال کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش جاری ہے۔

اس سے قبل موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کی جانب سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ظاہر کیا گیا تھا۔

موسمیاتی تجزیہ کارجواد میمن نے بتایا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے مختلف حصوں پر اثر انداز ہے، مغربی ہواؤں کا یہ سلسلہ ملک میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا باعث بن رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ آج شام سے کراچی سمیت بالائی سندھ میں اثر انداز ہو سکتا ہے، جس کے باعث سندھ کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔

جواد میمن نے بتایا کہ ان مغربی ہواؤں کے تحت کراچی میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا تھا کہ یہ سسٹم ملک پر 9 نومبر تک اثر انداز رہے گا، اس سسٹم کے نکلنے کے بعد سردی کی لہر ملک پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے پیش گوئی کی تھی کہ کوئٹہ کی سرد ہوائیں کراچی پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہیں، جن کے باعث شہر میں راتیں خنک ہو سکتی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس دوران کراچی میں رات کا درجۂ حرارت 17 سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔