عازمین حج کواستعمال کے لیے ایک ہزار الیکٹرک اسکوٹر فراہم کر دئیے گئے

سعودی عرب کے ٹرانسپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ سالانہ حج سیزن کے دوران عازمین کو ان کی نقل و حمل کی سہولت کے لیے ایک ہزار الیکٹرک اسکوٹر فراہم کیے ہیں۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، گزشتہ سال حج کے موسم میں آزمائشی بنیادوں پر شروع کی گئی اس سروس کا مقصد حج کے دوران نقل و حمل کے لیے متعدد انتخاب فراہم کرنا اور کم وقت میں حاجیوں کی نقل و حرکت کو آسان بنانا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکوٹر استعمال کرنے والوں، گاڑیوں میں سفر کرنے والوں اور پیدل چلنے والوں کے لیے الگ الگ لین کا تعین کیا گیا ہے تاکہ سفر میں آسانی اور حجاج کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسکوٹرز کے لیے دو لین والا ٹریک 2 کلومیٹر طویل ہے۔

عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، سعودی ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی (ٹی جی اے) نے عازمین حج کو سروس سے مستفید ہونے کے صحیح طریقہ کار کے بارے میں رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ماہرین کی ایک ٹیم بھی مختص کی ہے۔

الیکٹرک بائیک کے استعمال سےحجاج عرفات سے المزدلفہ تک کا سفر 60 منٹ کے بجائے 15 منٹ میں کرسکیں گے۔

توقع ہے کہ سعودی عرب میں رواں سال حج کے دوران 20 لاکھ سے زیادہ عازمین حج کرنے کی سعادت حاصل کریں گے۔