3 بار وزیرِ اعظم بننے والے کو 7 برس بعد انصاف ملا:جاوید لطیف

مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ 3 بار وزیرِ اعظم بننے والے کو 7 برس بعد انصاف ملا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ انصاف دینے والے ناانصافی کریں تو ملک کس طرح ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کے انتخابات میں 25 کروڑ لوگ اپنی عدالت لگائیں گے، 8 فروری کو 25 کروڑ لوگ نواز شریف کےحق میں فیصلہ دیں گے۔

جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ ایک نوجوان سیاسی رہنما بھی 16 ماہ کی قومی حکومت کا حصہ تھا، نوجوان سیاسی لیڈر کو بخوبی پتہ تھا نواز شریف کو کیوں نکالا گیا تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ نوجوان سیاسی لیڈر کو علم ہونا چاہیے ذوالفقار علی بھٹو ووٹ کی عزت کے لیے گئے تھے اور پھانسی چڑھ گئے۔