وزیراعظم اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کے درمیان چوتھی بار رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کے درمیان چند روز میں چوتھی بار رابطہ ہوا ہے۔

وزیراعظم اور ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا میں ٹیلی فونک رابطہ آج صبح ہوا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کے نکات پر ہم آہنگی ایک دو دن میں آئی ایم ایف کے فیصلے کی شکل اختیار کرے گی۔

وزیراعظم نے معاشی صورتحال کی بہتری کے اہداف مشترکہ کوششوں سے حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

کرسٹالینا جارجیوا نے وزیراعظم شہباز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال کی بہتری چاہتے ہیں۔

اس موقع پر آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر نے وزیراعظم شہباز شریف کے قائدانہ عزم کو بھی سراہا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف کی انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کرسٹالینا جارجیوا سے پیرس میں ملاقاتیں ہوئی تھیں۔