پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
5 بجلی کمپنیز کو حکومتی انتباہ
ایک بڑی پیش رفت یہ ہوئی ہے کہ 1994ء کی پالیسی کے تحت قائم کیے گئے بجلی پیدا کرنے والے چار آزاد اداروں (آئی پی پیز) اور 2002ء کی پالیسی کے تحت قائم کیے گئے ایک آئی پی پی کے مالکان سے دو ٹوک الفاظ میں کہا گیا ہے کہ وہ رضاکارانہ طور پر بجلی کی خریداری کے معاہدے (پاور پرچیز ایگریمنٹ) منسوخ کر دیں اور ’’بجلی دو اور ادائیگی لو‘‘ کا نظام اختیار کریں بصورت دیگر نتائج کا سامنا کریں۔
یہ بات اس پیش رفت سے آگاہ ذرائع نے دی نیوز کو بتائی ہے۔ ان پانچ آئی پی پیز کے مالکان کو بتایا گیا ہے کہ حکومت آئندہ تین سے پانچ برسوں کیلئے مذکورہ آئی پی پیز کو صلاحیت کے حساب سے (کیپسٹی چارجز کی مد میں) 139؍ تا 150؍ ارب روپے کی ادائیگی نہیں کرے گی۔
ان پانچ اداروں کے مالکان سے سختی سے کہا گیا ہے کہ حکومت مذکورہ آئی پی پیز کو صلاحیت کی ادائیگی اور ایکویٹی پر واپسی کی صورت میں پہلے ہی اضافی ادائیگیاں کر چکی ہے جبکہ آئی پی پیز کے قرضے بھی چکا دیے گئے ہیں۔
اس حوالے سے ایک آئی پی پی کے مالک نے ٹاسک فورس کے اہم عہدیداروں کو جواب دیا ہے کہ اگر حکومت 55؍ ارب روپے ادا کرے تو وہ نہ صرف معاہدہ ختم کرنے بلکہ پلانٹ حکومت کے سپرد کرنے کیلئے تیار ہیں۔
تاہم، مالک سے کہہ دیا گیا ہے کہ انہیں مذکورہ رقم ادا کی جائے گی نہ پلانٹ کا کنٹرول لیا جائے گا، ان کے پاس واحد آپشن معاہدہ ختم کرنے کا ہی ہے۔ ٹاسک فورس نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ اس کمپنی کی انتظامیہ نے حکومت کے ساتھ اپنے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پلانٹ کو بطور ضمانت استعمال کرتے ہوئے دوسرے پاور پلانٹس کیلئے پیسے وصول کیے جو معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے کیے گئے یہ اقدامات بیحد سنگین اور مجرمانہ نوعیت کی کارروائی شروع کرنے کیلئے کافی ہیں۔ مالکان سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کے آئی پی پیز 2020ء تا 2024ء کی مدت کے دوران آپریشن اور مینٹیننس (او اینڈ ایم) کی مد میں نقصانات کو غلط طریقے سے ظاہر کرکے اربوں روپے کا ناجائز منافع چکے ہیں اور حکومت کو دھوکا دینے میں ملوث ہیں۔ حکام کے مطابق، آئی پی پیزکے چار مالکان کو ہفتے کے روز ٹاسک فورس کے اہم اور طاقتور عہدیداروں سے ملاقات کیلئے طلب کیا گیا ہے، ان چار افراد میں پی ٹی آئی کی سابقہ حکومت کے ایک سابق وزیر مملکت برائے پٹرولیم شامل ہیں۔
ان چاروں مالکان سے کہا گیا ہے کہ اُن کے پاس معاہدہ ختم کرنے کے سوا اور کوئی آپشن نہیں بصورت دیگر ان کے پلانٹس کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے گا اور غلط کاموں اور منافع خوری سے کمائے گئے پیسے کی ریکوری کے ساتھ مالکان کیخلاف کارروائی شروع کی جائے گی۔
معیشت کے مختلف شعبوں میں کاروبار کے علاوہ پاور پلانٹس کے مالک اور لاہور سے تعلق رکھنے والے ملک کے ایک نامور بزنس ٹائیکون کی آج (پیر کو) حکام سے ملاقات طے ہے۔ تاہم، کہا جاتا ہے کہ موجودہ وزیر مملکت برائے پاور ڈویژن محمد علی نے مذکورہ آئی پی پیز کو پیشکش کی ہے کہ وہ آئندہ 2؍ برسوں میں پرائیویٹ پاور مارکیٹ نظام کے قیام کو یقینی بنائیں گے تاکہ آئی پی پیز کے ساتھ بجلی کی خریداری کے معاہدے ختم ہونے کے بعد یہ آئی پی پیز اپنی بجلی ملک کے بڑے کاروباری اداروں کو فروخت کر سکیں۔