امریکا میں غیر قانونی تارکینِ وطن کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، 1 لاکھ کے قریب غیر قانونی افراد کو ملک بدر کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حلف اٹھانے کے صرف 6 دن مزید پڑھیں
راولپنڈی ڈویژن کے 6 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے کمشنر راولپنڈی کے الزامات کو مسترد کردیا
کمشنر راولپنڈی کے الیکشن کمیشن پر الزامات کے معاملے پر الیکشن کمیشن کی اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی نے کام کا آغاز کر دیا۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے لیاقت علی چٹھہ کی پریس کانفرنس کے ٹرانسکرپٹ کے لیے پیمرا کو خط لکھ دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن کے 6 ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے تحریری بیانات جمع کروا دیے ہیں، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران نے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کو مسترد کر دیا۔
راولپنڈی ڈویژن سے قومی اسمبلی کے 13 حلقوں کے آر اوز کے بیانات بھی قلم بند ہوں گے جبکہ کمیٹی صوبائی اسمبلی کے 26 حلقوں کے ریٹرننگ افسران کے بیانات بھی قلم بند کرے گی۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ انتخابی بے ضابطگیوں پر مستعفی ہوگئے تھے اور خود کو پولیس کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا تھا کہ میں نے راولپنڈی ڈویژن میں ناانصافی کی ہے، میں نے جو ظلم کیا اس کی سزا مجھے ملنی چاہیے، باقی جو بھی اس میں ملوث ہیں انہیں بھی سزا ملنی چاہیے۔
کمشنر راولپنڈی ڈویژن نے کہا تھا کہ ہم نے اس ملک کے ساتھ غلط کام کیا، جو کام میں نے کیا وہ کسی طرح مجھے زیب نہیں دیتا، میں اپنے عہدے اور سروس سے استعفیٰ دیتا ہوں۔
انہوں نے کہا تھا کہ مجھ پر سوشل میڈیا اور اوورسیز پاکستانیوں کا دباؤ تھا، میں نے آج صبح کی نماز کے بعد خودکشی کی کوشش کی، میں نے سوچا کیوں نا یہ چیزیں عوام کے سامنے رکھوں، میں حرام موت کیوں مروں، میں کرب سے گزر رہا ہوں، سیاسی لوگ شیروانی سلوا کر منسٹر بننے کے لیے گھوم رہے ہیں، ملک سے غداری اور بے ضمیری نہیں کرنی چاہیے۔