دل کی گہرائیوں سے یقین ہے کہ ہم ناصرف کرکٹ بلکہ دوسرے شعبوں میں بھی اپنا مقام حاصل کریں گے

پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا کہ ہم ناصرف کرکٹ میں بلکہ دوسرے شعبوں میں بھی اپنا مقام حاصل کریں گے۔

ٹوئٹر پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مصدقہ اکاؤنٹ نے وزیر اعظم کا پرانا بیان شیئر کیا جس میں انہوں نے زمبابوے سے شکست پر زمبابوے کے صدر کو کہا تھا کہ ‘ہمارے پاس اصلی مسٹر بین تو نہیں لیکن کرکٹ کا اصل جذبہ ضرور ہے’۔

وزیر اعظم نے اپنے بیان میں لکھا تھا کہ ‘ہم پاکستانیوں کی مشکل صورتحال سے نکلنے کی عادت ہے’۔

مسلم لیگ ن کے اکاؤنٹ سے قومی ٹیم کے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے پر ٹوئٹ کی گئی کہ ‘وزیر اعظم نے پہلے ہی کہا تھا’۔

جواب میں شہباز شریف نے قہقہہ لگاتے ہوئے لکھا ‘دل کی گہرائیوں سے یقین ہے کہ ہم ناصرف کرکٹ بلکہ دوسرے شعبوں میں بھی اپنا مقام حاصل کریں گے۔ انشاء اللہ’۔

اس سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک اور ٹوئٹ میں قومی ٹیم کی کارکردگی پر مبارکباد پیش کی تھی۔

شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا ‘یہ ایک بڑا لمحہ ہے، سب کو مبارک ہو اور پاکستان ، نیدرلینڈز نے بہت اچھا کھیل پیش کیا’۔

واضح رہے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کی کارکردگی ناقص رہی جس کے باعث قومی ٹیم کو تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

تاہم پاکستان ٹیم نے نیدرلینڈز، جنوبی افریقا اور بنگلادیش کے خلاف بہترین کھیل پیش کرکے آج سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔