سابق رکن قومی اسمبلی سردار فیض ٹمن نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا

پاکستان مسلم لیگ ن کے مضبوط اور سینئر رہنما نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی، پاکستان مسلم لیگ ن کے چکوال سے سابق رکن قومی اسمبلی سردار فیض ٹمن نے پی ٹی آئی کے صدر شمالی پنجاب عامر محمود کیانی سے ملاقات کی اور ملاقات کے دوران تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا، اس موقع پر قیادت کی جانب سے انہیں پارٹی سکارف پہنایا۔

ملاقات کے دوران سردار فیض ٹمن نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور مستقبل میں ساتھ دینے کی یقین دہانی کروائی۔

واضح رہے کہ 2002 کے الیکشن میں سردار فیض ٹمن نے آزاد حیثیت ممبر قومی الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا تھا ۔ الیکشن میں پاکستان کی تاریخ میں بحیثیت آزاد ممبر قومی اسمبلی سب سے زیادہ 139000 ووٹ لے کر چکوال سے ممبر قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ جس کے فورا بعد وہ پہلے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز پھر پیٹریاٹ گروپ میں شامل ہوئے۔