راولپنڈی: بند راستوں سے پریشان شہری پی ٹی آئی کے مظاہرین پر برس پڑے

راولپنڈی میں بند راستوں سے پریشان شہری پی ٹی آئی کے مظاہرین پر برس پڑے اور انہیں کھری کھری سُنادیں۔

مظاہرین میں سےکسی نے ریاست مدینہ کا وعدہ یاد دلایا تو کسی نے انتظامیہ کو مظاہرین کو جیل میں ڈالنے کا مشورہ دے دیا۔

شمس آباد میں مسلسل چوتھے روز بند راستوں سے پریشان شہریوں کا صبر جواب دےگیا، ایک بزرگ شہری نے ترجمان پنجاب حکومت فیاض چوہان کو آڑے ہاتھوں لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا یہ ہے ریاست مدینہ! آپ نے ریاست مدینہ کا کہہ کرہم سے ووٹ لیا اور اب ہمیں ہی تکلیف پہنچا رہے ہیں، راستے بند کرنا کہاں کا احتجاج ہے، عمران خان خود کہتے تھے راستے نہیں بند کرنے چاہئیں۔

شہریوں کے احتجاج کے بعد پی ٹی آئی کارکنوں نے مری روڈ سے ٹینٹ ہٹادیے اور ٹریفک بحال کردی۔

فیاض چوہان کا کہنا ہےکہ احتجاج ختم نہیں کیا سائیڈ پر بیٹھ کر احتجاج جاری رہے گا۔

ادھرپیرودھائی موڑپر پی ٹی آئی کے درجن بھر مظاہرین کی وجہ سے ایمبولینسوں اور شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، کاروبار بھی متاثر ہو رہا ہے۔