عمران خان جو مرضی ہے کریں، اُن سے نہ کسی نے پوچھا ہے اور نہ کسی کو پوچھنا ہے: قمر زمان کائرہ

وزیراعظم کے مشیر اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی پر عمران خان جو مرضی ہے کریں، اُن سے نہ کسی نے پوچھا ہے اور نہ کسی کو پوچھنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اپنی پارٹی کے لیڈر سے مشاورت کرنے گئے ہیں، واپس آکر وہ اتحادیوں سے بھی مشاورت کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف لندن میں موجود ہیں جہاں انہوں نے سابق وزیر اعظم نوازشریف سے ملاقات کی، اس موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی تعیناتی آئینی معاملہ ہے، آئین کے مطابق طے ہو گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے نوازشریف اور مریم نواز کے ساتھ دوگھنٹے سے زائد وقت گزارا، نواز، شہباز ملاقات میں طے فیصلوں پر پی ڈی ایم کی قیادت کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔