عمران خان کے تمام تماشے بے نقاب ہوچکے ہیں: مریم اورنگزیب

وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہےکہ عمران خان کے تمام تماشے بے نقاب ہوچکے ہیں، اب ان کے تماشے بند ہونےکا وقت ہو چکا ہے۔

ایک بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان خود تماشا بن چکے ہیں، چار سال سے فارن ایجنٹ نے ملک و قوم کو تماشا بنا رکھا ہے، عمران خان کے تمام تماشے بے نقاب ہو چکے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان آپ نے ملک میں 2014 سےتماشا لگایا ہوا ہے ، آپ نے چار سال نالائقی، نااہلی، الزام، بہتان اور جھوٹ کا تماشہ لگایا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے عوام کے روزگار، مہنگائی پر تماشہ لگایا ، عمران خان نےلوگوں کی پگڑیاں اچھالنے، شہداء کے خلاف مہم چلانے کے تماشے لگائے، عمران صاحب اب آپ کے تماشے بند ہونے کا وقت ہو چکا ہے۔