کراچی: تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے مختارکار جاں بحق

کراچی غربی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران ملزمان کی فائرنگ سے مختارکار جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہوگئے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ویسٹ کراچی فیصل بشیر میمن کے مطابق واقعہ سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود تیسر ٹاؤن کے ری سیٹلمنٹ پروجیکٹ میں فلاحی پلاٹوں کی زمین پر قبضہ کرنے والے مافیا کے خلاف آپریشن کے دوران پیش آیا۔

فیصل بشیر میمن کے مطابق ضلعی انتظامیہ، اینٹی انکروچمنٹ کا عملہ اور سرجانی ٹاؤن پولیس موقع پر پہنچی اور ایک زیر تعمیر دکان کو مسمار کرنا شروع کیا کہ قبضہ مافیا کے لوگ وہاں جمع ہوگئے۔

انہیںمنتشر کرنے کیلئے اینٹی انکروچمنٹ سیل کے عملے نے کارروائی کی، اس دوران جمع ہونے والے افراد کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں مختار کار منگھوپیر اعجاز چانڈیو، ایک تحصیل دار اور ایک سرکاری ملازم زخمی ہوئے۔

انہیں فوری طور پر نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے مختار کار اعجاز چانڈیو کی موت کی تصدیق کردی۔ مقتول ضلع نوشہرو فیروز کے شہر مٹھیانی سے تعلق رکھتے تھے۔

ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے کے بعد آپریشن روک دیا گیا تھا۔ ضابطے کی کارروائی کی جا رہی ہے اور ملزمان کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔