عمران خان کو سعودیہ سے ملی گھڑی، انگوٹھی، کف لنکس ، قلم کی مزید تفصیلات

عمران خان نے سعودی ولی عہد کی گھڑی، انگوٹھی اور کف لنکس کوڑیوں میں بیچ ڈالے ، تحفے خریدنے والا جیو نیوز پر سامنے آگیا۔

توشہ خانہ کے تحفے دبئی کی کاروباری شخصیت عمر فاروق نے 20 لاکھ ڈالرز میں خریدے تھے۔

خیال رہے کہ عمران خان کو سعودی ولی عہد سے جو قیمتی گھڑی ، انگوٹھی اور دیگر تحفے بطور وزیراعظم 2019 میں ملے تھے وہ انہوں نے فروخت کردیے تھے۔

تحفے خریدنے والی دبئی کی معروف کاروباری شخصیت عمر فاروق نے جیو نیوز کے پروگرام “آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ” میں وہ تحائف دکھا دیے۔

عمرفاروق نے شاہزیب خانزادہ کو بتایا کہ 2019 میں عمران خان کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے رابطہ کیا، جس کے بعد عمران خان کی اہلیہ، بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرح خان تحفے لے کر دبئی ان کے دفتر آئیں، ان کی ڈیمانڈ پچاس لاکھ ڈالرز تھی، تاہم انہوں نے سارے تحفے 20 لاکھ ڈالرز میں خرید لیے اور فرح گوگی کو رقم کیش میں ادا کی۔

عمر فاروق نے بتایا کہ کہ ان تحفوں کی اصل مالیت ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالرز یعنی 2019 کے ڈالر ریٹس کے حساب سے ایک ارب 70 کروڑ روپے تھی۔

عمران خان کو ملنے والی گھڑی، کف لنکس، انگوٹھی اور قلم میں کتنے ہیرے جڑے تھے اس کی تفصیلات بھی جیو نیوز کو موصول ہوئی ہیں جو درج ذیل تصاویر میں دیکھی جاسکتی ہیں۔