جس کو فراڈ کہا جا رہا ہے اس کے پاس وزیراعظم پاکستان کو تحفے میں دی گئی گھڑی کیا کر رہی ہے:ایمل ولی خان

عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ یہ سوال بہت اہم ہے جس کو فراڈ کہا جا رہا ہے اس کے پاس وزیراعظم پاکستان کو تحفے میں دی گئی گھڑی کیا کر رہی ہے؟

ایک بیان میں ایمل ولی خان نے کہا کہ اب یہ بھی عجیب ڈرامہ ہو رہا ہے کہ کوئی سوال بھی نہ پوچھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سوال بہت اہم ہے کہ جس کو تم فراڈ کہہ رہے ہو، ان کے پاس وزیراعظم کو تحفے میں دی گئی گھڑی کیا کررہی ہے؟

ایمل ولی کا مزید کہنا تھا کہ انٹرویو شاہزیب خانزادہ کا حق ہے اور آزادی صحافت کیلئے ہم جنگ، جیو اور ‎ شاہزیب خانزادہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان شاہزیب خانزادہ کے پروگرام میں قیمتی سعودی تحائف کوڑیوں کے مول بیچنے کی خبر پر غصے میں آگئے، انہوں نے ٹوئٹ کے بعد جہلم اور سرگودھا جلسوں سے خطاب میں بھی شاہزیب خانزادہ پر مقدمہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ساتھ مل کر ان کی کردار کشی کی جارہی ہے جو تحفے بیچے گئے اس کی رسیدیں توشہ خانے میں پڑی ہیں، کوئی زرداری، نواز اور گیلانی کا معاملہ کیوں نہیں اٹھاتا؟ جو توشہ خانے کی گاڑیاں ساتھ لے گئے۔

قبل ازیں اپنی ٹوئٹ میں عمران خان نے ایک ارب 70 کروڑ روپے کے تحائف محض 28 کروڑ میں بیچنے کی شاہزیب خانزادہ کی خبر کو بے بنیاد کہانی قرار دیا تھا۔