آبی گزرگاہوں پر تعمیرات و تجاوزات، آبادیوں اور ناقص تعمیر سے ڈیموں کو نقصان ہوا:عبدالقدوس بزنجو

وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ آبی گزرگاہوں پر تعمیرات و تجاوزات، آبادیوں اور ناقص تعمیر سے ڈیموں کو نقصان ہوا اس حوالے سے غفلت کے مرتکب اور ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ کیمپ آفس ہنہ میں معززین علاقہ سے ہونے والی ملاقات کے دوران بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کے ذمہ دار ہم خود بھی ہیں جب فطرت کے اصولوں کو نظر انداز کیا جائے تو نقصانات کا احتمال رہتا ہے۔

کوئٹہ اور گرد و نواح میں گیس اور بجلی کی عدم دستیابی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بجلی اور گیس کی فراہمی کے ذمہ دار وفاقی اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے وفاقی حکومت سے سخت احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں کسانوں کے ذمہ بجلی کے ایک سال کے واجبات کی معافی کیلئے وزیراعظم سے درخواست کی جائے گی۔

عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا ازالہ اور متاثرہ بنیادی ڈھانچہ کی بحالی یقینی بنائیں گے۔