وزیر تعلیم سندھ نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو مسترد کر دیا

وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو مسترد کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے اپنے بیان میں کہا کہ محکمہ تعلیم سندھ سے متعلق ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کو رد کرتے ہیں، محکمے نے اسکولوں میں 50 ہزار سے زائد اساتذہ کی بھرتی تھرڈ پارٹی کے تحت میرٹ پر کی ہیں، کالجز میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لیے سندھ پبلک سروس کے تحت میرٹ پر بھرتیاں کی جا رہی ہیں۔

سردار شاہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم نے اساتذہ اور عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے بایو میٹرک سسٹم متعارف کرایا اور اسے فعال رکھا، ماضی میں اسکولوں کی تعمیر غیر موزوں جگہوں پر کی گئی، ایک گاؤں میں درجنوں اسکول کی عمارتیں تعمیر کی گئی، محکمہ تعلیم نے غیر ضروری اسکولز کو بند کیا جبکہ فعال اسکولوں میں اساتذہ کی تعداد کو بڑھایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم ایسی غلطیوں کی نشاندہی پر ان کو درست کرنے کی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، بجٹ کا زیادہ تر حصہ تنخواہوں کی مد میں خرچ ہوتا ہے، تنخواہوں کے علاہ ڈولپمینٹ کے لئے محدود وسائل کی بنیاد پر انحصار کیا جاتا ہے، سندھ حکومت محکمہ تعلیم کو جدید کرنے پر توجہ دے رہی ہے، اصلاحات پر کام جاری ہے۔