وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا بچوں میں پیٹ کے کیڑے مارنے کی مہم کی تقریب سے خطاب

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ریاست نوجوانوں کی تعلیم اور صحت کی ذمہ دار ہے، انہیں صحیح پلیٹ فارم فراہم کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے تاکہ وہ مستقبل میں ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے والے شہری بن سکیں۔ وہ منگل کو بچوں میں پیٹ کےکیڑے مارنے کی مہم کی تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ وفاقی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کی وزارت نے 2019 میں “اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری میں سکول بیسڈ ڈورمنگ پروگرام” کا منصوبہ شروع کیا، یہ ابتدائی طور پر مالی سال 2020 سے مالی سال 2021-22 تک تین سالہ منصوبہ تھاجس کیلئے 21.00 ملین روپے مختص کئے گئے تاہم اس منصوبہ کو مزید ایک سال کے لئے بڑھا دیا گیا ، اب جون 2023 کے آخر تک سکولوں میں 5 سے 14 سال کی عمر کے تقریباً 481,823 بچوں میں پیٹ کے کیڑے مارنے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

وفاقی اور صوبائی اداروں سمیت تمام متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے یہ منصوبہ تشکیل دیا گیا۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ ایک سروے کے مطابق پاکستان بھر میں 40 اضلاع ایس ٹی ایچ کے انفیکشن کے خطرے میں ہیں جن میں 17 ملین سکول جانے والے بچوں کو علاج کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد میں ایس ٹی ایچ کا پھیلاؤ بھی 20 فیصد سے زیادہ پایا گیا جبکہ آئی سی ٹی کے کچھ علاقوں میں پھیلاؤ 50فیصد سے زیادہ پایا گیا۔