پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
ہماری تمام تر ترجیح ملک میں فنی تعلیم کا فروغ ہے، سعودی عرب کے اشتراک سے مزید ایک سکل یونیورسٹی بنائی جائے گی،وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کا عالمی یوم تعلیم کے حوالہ سے تقریب سے خطاب
وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ موجودہ دور فنی تعلیم کا ہے، ہماری تمام تر ترجیح ملک میں فنی تعلیم کا فروغ ہے، نیشنل سکلزیونیورسٹی ہمارا انیشیٹیو تھا، سعودی عرب کے اشتراک سے مزید ایک سکل یونیورسٹی بنائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو عالمی یوم تعلیم کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ آج ہم تعلیم کے عالمی دن کے موقع پر یہاں جمع ہوئے ہیں، عالمی ادارہ یونیسکو نے اس سال فنی تعلیم کو اپنا موضوع بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کیلئے ہم سب نے اپنا حصہ ڈالنا ہے، میری ترجیح ہمیشہ سے فنی تعلیم رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یونیورسٹیوں کی مشروم گروتھ ہوئی ہے جس کی وجہ سے معیار تعلیم میں کمی آئی، بہت سی یونیورسٹیاں ایسی بھی ہیں جو ایچ ای سی کے معیار پر پورا نہیں اترتیں۔ انہوں نے کہا کہ عام تعلیم بہت ضروری ہے لیکن ہنر کی تعلیم اس سے بھی زیادہ ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب جو ہم سے بہت زیادہ افرادی قوت لیتا ہے اس نے ہمیں صاف کہہ دیا ہے کہ وہ آئندہ غیر ہنرمند افرادی قوت نہیں لے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں سعودی عرب نے پاکستان کو فنی تعلیم کی ایک یونیورسٹی کے قیام کی پیشکش کی ہے اور اس سلسلہ میں کام ہو رہا ہے اور جلد ہی سعودی عرب کے تعاون سے ملک کی ایک اور فنی تعلیم کی یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔
وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ملک میں تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے ٹیچرز ٹریننگ کی اشد ضرورت ہے، اساتذہ کی تربیت کیلئے ایک جدید ادارےکا قیام میرا عزم ہے۔ انہوں نے اس موقع پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد کو ہدایت کی کہ وہ نیشنل ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کو فوری طور پر فعال کریں اور باقاعدگی سے اس میں اساتذہ کیلئے تربیتی کورسز منعقد کئے جائیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں سکول جانے کی عمر کے سکولوں سے باہر بچے ایک بڑا مسئلہ ہے،تعلیم سب کا حق ہے اور ہمیں یہ حق ان تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ کم از کم وفاقی دارالحکومت کی حد تک سکول نہ جانے والے بچوں کی تعداد کو صفر کرنا چاہتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں دو موبائل سکول بسوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کا آئندہ ہفتے تک افتتاح کر دیا جائے گا، یہ بسیں ان علاقوں میں جائیں گی جہاں چھوٹے بچوں کے سکول نہیں ہیں اور ان علاقوں کے رہائشی بچوں کو ان بسوں کے ذریعے تعلیم کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ فنڈز آنے پر ان کی تعداد کو بڑھایا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت ہمیشہ جو کہتی ہے وہ کرتی ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کے وژن پر عمل کرتے ہوئے ملک سے ناخواندگی کا خاتمہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم باشعور ہے ، اسے صرف ایک اچھے لیڈر کی ضرورت ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ ہم اس وقت مشکل حالات میں کام کر رہے ہیں اور انشاء اللہ جلد اس مشکل صورتحال ملک سے نکل آئیں گے۔ اس موقع پر نیشنل سکلز یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار نے یونیورسٹی کی کارکردگی اور مختلف پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر تعلیم کی ہدایت پر یونیورسٹی کو مزید فعال بنایا جا رہا ہے، فنی تعلیم کو فروغ دینے کیلئے مریدکے میں ایک کیمپس قائم کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء کو فنی تعلیم سے مستفید کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے طلباء تیار کر رہے ہیں جو بیرون ملک ، ملک کا نام روشن کریں گے اور اندرون ملک روزگار پیدا کرنے میں معاون کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد بھی موجود تھے ۔