وزیر تعلیم سندھ کا صحافیوں کے بچوں کیلئے فیس میں 30 فیصد رعایت کا اعلان

کراچی: وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ جامعات میں صحافیوں کے بچوں کی فیس میں 30 فیصد رعایت دی جائے گی۔

سندھ کے صوبائی وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے صحافیوں کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ شعبہ بورڈز اور یونیورسٹیز صحافیوں کے بچوں کی فیس میں 30 فیصد رعایت کے حوالے سے یونیورسٹیوں سے مشاورت کریں گے جس کے بعد انہیں یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔

صحافیوں کی تربیت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ‘ایجوکیشن رپورٹرز کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں گےاور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت سکالرشپ بھی فراہم کیے جائیں گے’۔

سردار علی شاہ نے اعلان کیا کہ محکمہ تعلیم سندھ صوبے میں اساتذہ کے لیے لائسنس متعارف کروا رہا ہے۔

چیئرمین سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر طارق رفیع نے کہا کہ سندھ حکومت کا انڈومنٹ فنڈ ہے جو ضرورت مند طلبہ کو دیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کی انتظامیہ ضرورت کی بنیاد پر اسکالرشپ بھی فراہم کرتی ہے جبکہ نجی یونیورسٹیاں بھی دس فیصد ضرورت مند لیکن میرٹ کی بنیاد پر طلباء کو مفت تعلیم فراہم کرنے کی پابند ہیں۔