عمران خان رہائی کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سےزمان پارک لاہور پہنچ گئے

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان رہائی کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور میں اپنی رہائش گاہ زمان پارک پہنچ گئے۔

عمران خان اسلام آباد پولیس کی سکیورٹی میں لاہور کے لیے روانہ ہوئے تھے، راستے میں انہوں نے چکری ریسٹ روم میں تھوڑی دیر قیام کیا، بھیرہ میں چیئرمین پی ٹی آئی اسلام آباد پولیس کی گاڑی سے اتر کر اپنی سکیورٹی ٹیم کے ہمراہ لاہور روانہ ہوئے ۔

رپورٹس کے مطابق عمران خان کا قافلہ لاہور پہنچ گیا، ٹھوکر نیاز بیگ پر کارکنوں کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کا شاندار استقبال کیا گیا،کارکنوں نے رقص اور آتشبازی کی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کو کسی بھی کرمنل کیس میں پیر تک ملک بھر سے گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت سے روانگی سے قبل عمران خان نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ عدالت نے ہر جگہ ضمانت دی ہے ، یہ مجھے عدالت میں بہانوں سے روک رہے ہیں، ان کی بدنیتی ہے ، یہ پھر سے کچھ کرنا چاہتے ہیں، عوام باہر نکلنے کیلئے تیار رہیں۔

اس ویڈیو پیغام کے منظر عام پر آنے کے کچھ دیر بعد عمران خان اسلام آباد ہائیکورٹ کے عقبی دروازے سے لاہور کیلئے روانہ ہوئے تھے۔