عمران خان کا آرمی چیف سے متعلق الزام گھٹیا ذہنیت کا ایک اور ثبوت ہے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی عمران خان کی آرمی چیف سے متعلق الزام تراشی کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کا بیان پاک فوج کے خلاف اس کی گھٹیا ذہنیت کا ایک اور ثبوت ہے، یہ بیان 9 مئی کے المناک واقعات کے ماسٹر مائنڈ کا اعتراف جرم ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ وہی ذہنیت ہے جس نے محب وطن آرمی افسران پراپنے قتل کے جھوٹے الزامات لگائے،سائیفر اور بیرونی سازش کی جھوٹی کہانیاں گھڑیں، یہ ملک دشمنی اور دہشت گردوں کے ماسٹر مائنڈ کے اصل عزائم کا اظہار ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیان اعتراف ہے کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا وہ عمران نیازی کے کہنے پر ہوا، بیان ثبوت ہے کہ شہدا اور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی اور حساس تنصیبات اور عمارتوں پر حملے کے پیچھے منصوبہ بندی عمران خان کی تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جنرل عاصم منیر سے تکلیف یہ ہے کہ وہ بطور ڈی جی آئی ایس آئی عمران نیازی، ان کی اہلیہ، فرح گوگی اور پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کی بدترین کرپشن سے آگاہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آرمی کے انتہائی ڈیکوریٹڈ، رینک اینڈ فائل میں ہردلعزیز اور میرٹ پر آرمی چیف بننے والے جنرل سید عاصم منیر کے خلاف ہرزہ سرائی بدنیتی کے سوا کچھ نہیں ہے۔