عمران خان کو دیکھ کر کہا گیا کہ آپ کو دیکھ کر اچھا لگا، یہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب تھا:خرم دستگیر

اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کو سیاسی اختلاف کا جھاڑو پھیر کر ایک طرف نہیں کیاجاسکتا لہٰذا ان واقعات کی ذمہ داری عمران خان کو لینا پڑے گی۔

ایک بیان میں خرم دستگیر نے کہا کہ عمران خان کو دیکھ کر کہا گیا کہ آپ کو دیکھ کر اچھا لگا، یہ پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب تھا، ہم میں لاکھ خامیاں ہیں لیکن عوام کے جان و مال کا دفاع کریں گے، 9 مئی کے واقعات کو سیاسی اختلاف کا جھاڑو پھیر کر ایک طرف نہیں کیاجاسکتا، ان واقعات کی ذمہ داری عمران خان کو لینا پڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نےنیب قانون کو عدالت میں چیلنج کیا اورکہا میں اس سےکوئی فائدہ نہیں اٹھانا چاہتا لیکن عدالت میں عمران خان نے اس قانون کے ایک ایک لفظ کا فائدہ اٹھایا، اگر عمران خان وہی کریں گےجو وہ کہتے رہے ہیں تو نیب عدالت کے سامنے پیش ہوں۔

خرم دستگیر کا کہنا تھا جو شخص کہتا تھا کہ اگر چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے، اگر آپ نے چوری نہیں کی تو تلاشی کیوں نہیں دیتے؟ اگرآپ نے ٹرانزکشن کے بدلے بنی گالا میں زمین نہیں لی توعدالت میں پیش کیوں نہیں ہوتے؟