آئی ایم ایف کی شرط پر بجٹ میں پراپرٹی سیکٹر میں ٹیکس عائد کرنے کی تجویز

عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر آئندہ بجٹ میں پراپرٹی سیکٹر میں ٹیکس عائد کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں پراپرٹی سیکٹر میں فائلز کی لین دین پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق ہاؤسنگ سوسائٹیز میں پلاٹ کی لین دین کرنے والے ایجنٹس کو رجسٹرڈ کیا جائے گا اور رجسٹرڈ پراپرٹی ایجنٹس پر فائلوں کی لین دین پر ٹیکس عائد کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بجٹ میں پلاٹس کی خرید و فروخت کرنے والے نان فائلرز کے لیے ٹیکسز کی شرح دگنی کی جائے گی، اس وقت فائلرز کے لیے پلاٹ کی خرید و فروخت پر 2 فیصد ود ہولڈنگ اور 2 فیصد گین ٹیکس عائد ہے۔

ذرائع کے مطابق پلاٹ کی خرید و فروخت پر نان فائلرز کے لیے 7 فیصد ود ہولڈنگ اور 4 فیصد گین ٹیکس عائد ہے۔

بجٹ میں پلاٹ کی خرید و فروخت پر فائلرز اور نان فائلرز کے لیے ٹیکس بھی بڑھانے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پلاٹس میں فائلوں کی خرید و فروخت پر ٹیکس میکنزم نہ ہونے کے باعث ٹیکس چوری ہو رہا ہے۔