شیریں مزاری کی پمز منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما شیریں مزاری کی پمز منتقلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔

ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے اپنی والدہ کی طرف سے درخواست دائر کی۔

درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شیریں مزاری کو ہائی بلڈ پریشر، فوڈ پوائزننگ اور پاؤں پر سوجن ہے۔

ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے درخواست میں کہا ہے کہ شیریں مزاری 72 سال کی ہیں، اڈیالہ جیل میں ان کا علاج ممکن نہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت شیریں مزاری کو علاج کے لیے پمز منتقلی کا حکم دے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف کریک ڈاؤن دوران اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کی مرکزی سینئر نائب صدر ڈاکٹر شیریں مزاری کو بھی گرفتار کیا تھا۔

شیریں مزاری کی بیٹی ایمان مزاری کا کہنا تھا کہ پولیس نے گھر کا محاصرہ کر رکھا ہے اور سی سی ٹی وی کیمرے بند کردیے ہیں۔