بشریٰ بی بی نے القادر ٹرسٹ کیس میں حفاظتی ضمانت کیلیے درخواست دائر کردی

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے لاہور ہائیکورٹ میں حفاظتی ضمانت کی درخواست دائر کردی۔

بشریٰ بی بی کی جانب سے حفاظتی ضمانت کی درخواست القادر ٹرسٹ کیس میں دائر کی گئی۔ لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں وفاقی حکومت ، نیب اور دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔حفاظتی ضمانت کے لیے بشریٰ بی بی عمران خان کے ساتھ لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوں گی۔

حفاظتی ضمانت کی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں تحقیقات شروع کر رکھی ہے۔نیب کی جانب سے جاری تحقیقات غیر قانونی ہیں اور نیب کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے۔

درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ اسلام آباد کی احتساب عدالت سے رجوع کرنا ہے اس لیے القادر ٹرسٹ کیس میں حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔