نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے الیکشن کمیشن کے نام خط لکھ دیا

موجودہ صورت حال پر نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے الیکشن کمیشن کے نام خط لکھ دیا۔

محسن نقوی نے خط میں لکھا ہے کہ پنجاب میں چند روز سے امن و امان کی صورت حال نہایت کشیدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ شرپسندوں کی جانب سے سرکاری عمارتوں کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری عمارتوں کو نذر آتش کرنے کے باعث ناقابل تلافی مالی نقصان ہوا۔

خط میں محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میں اور میری ٹیم صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہے ہیں۔

نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے ملاقات میں مزید صورت حال واضح کی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ کچھ روز میں شرپسند عناصر کی جانب سے بہت زیادہ تشدد وخون خرابے کی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا، انتہائی اہم سرکاری و نجی املاک پر حملہ کر کے آگ لگائی گئی۔

خط کے متن کے مطابق عوام کا تحفظ کرتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے متعدد افسران و جوان زخمی ہوئے، میں اپنی ٹیم کے ہمراہ الیکشن کمیشن کو امن و امان کی صورت حال پر بریفنگ دینے کے لیے تیار ہوں۔

محسن نقوی نے خط میں یہ بھی کہا کہ پنجاب حکومت امن و امان کی صورت حال پر مستقبل کے لائحہ عمل پر بریفنگ کے لیے تیار ہے۔