پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں رہی شدت پسند تنظیم بن گئی ہے:بلاول بھٹو زرداری

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سیاسی جماعت نہیں رہی شدت پسند تنظیم بن گئی ہے، پی ٹی آئی کو آخری موقع ہے وہ فیصلہ کرے کہ وہ سیاسی جماعت رہنا چاہتی ہے یا نہیں۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں بلاول نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے تو پہلے جلاؤ گھیراؤ کی مذمت کرے اور معافی مانگے، اگر وہ معافی نہیں مانگتے تو چیف جسٹس یا کسی کے کہنے پر عسکریت پسند جماعت سے مذاکرات نہیں کریں گے۔

بلاول نے کہا کہ پاکستان اس وقت جس مشکل میں ہے اس کا ذمہ دار ہمارا ہمسایہ ادارہ ہے، الیکشن نہ کرانے کے ذمہ دار ہم نہیں ہمارا پڑوسی ادارہ ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ عمران خان کی گرفتاری پر پی ٹی آئی نے دہشتگرد تنظیم بن کر ردعمل دیا، عمران خان کو عدالتوں نے خصوصی ریلیف دیا ہے، میں سمجھتا ہوں عمران خان کا مقابلہ نیب میں ممکن نہیں، عمران خان کا مقابلہ الیکشن میں ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا مقابلہ ہم نے الیکشن میں ہی کرنا ہے، یہ ہار سکتا ہے، ہم کسی سازش کا حصہ نہیں بن سکتے ہیں، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔