سجاد علی نےڈیلس میں اپنی گائیکی کے ذریعے مداحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا

پاکستانی میوزک انڈسٹری کے لیجنڈ مایہ ناز گلوکار سجاد علی نے امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میں اپنی گائیکی کے ذریعے مداحوں کو اپنے سحر میں جکڑ لیا۔

پلاٹینم پروڈیکشن اور 24/07 انٹرٹینٹمنٹ کے تحت ہونے والے اس سولڈ آؤٹ کنسرٹ میں نہ صرف پاکستانی بلکہ بھارت سے تعلق رکھنے والے مداحوں نے بھی شرکت کی۔

سجاد علی نے اپنے معروف گانوں بس بھئی بس، سنڈریلا، بے بی، ماہیوال، بولو بولو، ہر ظلم تیرا یاد ہے جیسے گانوں سے کنسرٹ میں موجود موسیقی کے شائقین کو مسحور کردیا۔

اس موقع پر وہاں موجود ان کے پرستاروں نے سجاد علی کا ’بولو بولو‘ گانا جھوم جھوم کر گایا اور اپنی خوبصورت آواز سے کنسرٹ کو مزید رنگین بنادیا، پرستاروں کی آواز سے پورا ہال گونج اٹھا۔

پروگرام کے آخر میں مقامی پروموٹر اینڈی لالانی، عظمیٰ عباس نے ڈیلس کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے شو سے ایک ہفتہ قبل ہی اس پروگرام کے ٹکٹ لے کر شو کو سولڈ آؤٹ کردیا، جبکہ ان کے کئی مداح ٹکٹ نہ ملنے کے سبب اس کنسرٹ میں شرکت کرنے سے محروم رہ گئے۔

سجاد علی ان دنوں امریکہ میں ہیں جہاں پر ان کے انٹرنیشنل پروموٹر ریحان صدیقی نے مختلف امریکی شہروں میں کنسرٹ ترتیب دیئے ہیں۔

جہاں وہ براہ راست پرفارم کرنے میں مصروف ہیں اور ان کے کنسرٹ کی دھوم امریکہ میں سنائی دے رہی ہے۔

سجاد علی یہاں کنسرٹ کے ذریعہ پاکستانی موسیقی کو بین الاقوامی سطح پر روشناش کرنے میں ایک اہم کردار ادا کررہے ہیں۔