چیف جسٹس آف سپریم کورٹ تنخواہ وصول کرنے میں پاکستان میں پہلے نمبر پر

چیف جسٹس آف سپریم کورٹ تنخواہ وصول کرنے میں پاکستان میں پہلے نمبر پر ہیں۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ چیف جسٹس کی تنخواہ صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم، وفاقی وزراء سے بھی زیادہ ہے۔

چیئرمین پی اے سی نور عالم خان کی زیرِصدارت اجلاس کے دوران صدر، وزیرِ اعظم اور ججوں کی گراس سیلری کی تفصیلات پی اے سی میں پیش کی گئی۔

چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے اجلاس کو بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان کی تنخواہ 15 لاکھ 27 ہزار 399 روپے ہے، سپریم کورٹ کے جج کی تنخواہ 14 لاکھ 70 ہزار 711 روپے ہے۔

انہوں نے بتایا کہ صدرِ مملکت کی تنخواہ 8 لاکھ 96 ہزار 550 روپے ہے، وزیرِ اعظم کی تنخواہ 2 لاکھ 1 ہزار 574 روپے ہے۔

چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے مزید بتایا کہ وفاقی وزیر کی تنخواہ 3 لاکھ 38 ہزار 125 روپے ہے، ممبرِ قومی اسمبلی کی تنخواہ 1 لاکھ 88 ہزار روپے ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ گریڈ 22 کے وفاقی افسر کی تنخواہ 5 لاکھ 91 ہزار 475 روپے ہے، ان تمام عہدے داروں کی مراعات اس تنخواہ کے علاوہ ہیں۔