پاکستان ایمبیسی تاشقند کی جانب سے گزشتہ روز کامن ویلتھ گیمز کے پاکستانی گولڈ میڈلسٹ نوح دستگیر بٹ کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ۔ واضح رہے کہ نوح دستگیر بٹ نے تاشقند ازبکستان میں ایشین پاور لفٹنگ میں چار مزید پڑھیں
مسلم لیگ ق کسی سیاسی جماعت میں ضم نہیں ہوگی:چوہدری سالک حسین
مسلم لیگ ق کے سینئر رہنما رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے سرمایہ کاری چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ق کسی سیاسی جماعت میں ضم نہیں ہوگی۔
چوہدری سالک حسین نے ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں بھرپور سیاسی قوت کے ساتھ انتخابات میں اتریں گے اور پہلے سے زیادہ قومی و صوبائی اسمبلی کی سیٹیں حاصل کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیاست میں خدمت کے جزبے سے قدم رکھا، ہمیشہ شرافت، ایمانداری اور رواداری کا والد کا پڑھایا ہوا سبق آگے لے کر چلا اور آئندہ بھی اسی جزبے سے سیاست کریں گے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ایمانداری کی سیاست میں نقصان زیادہ اور فائدے کم ہیں وہ خود اس کی زندہ مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خاندانی معاملات میں خاموشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن چوہدری سرور سمیت کئی اہم سیاستدانوں کے پارٹی میں شامل ہونے سے پارٹی کو تقویت ملی ہے امید ہے اگلے عام انتخابات میں پہلے سے زیادہ نشستیں حاصل کرکے سیاست کو آگے بڑھائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں چوہدری سالک حسین نے کہا کہ سرمایہ کاری کی وزارت ان کا انتخاب نہیں تھی لیکن انہوں نے اس پر اعتراض بھی نہیں کیا اور کوشش کی کہ ناصرف زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاروں کو پاکستان لایا جائے بلکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ون وِنڈو آپریشن بھی شروع کیا جائے تاکہ وہ بیوروکریسی اور دیگر کاغذی مسائل سے بچ سکیں۔
ن لیگ کے حوالے سے چوہدری سالک حسین نے کہا کہ وہ ن لیگ میں سب کا احترام کرتے ہیں جتنا میاں شہباز شریف انہیں عزت و احترام دیتے ہیں اتنا ہی میاں نواز شریف اور مریم نواز بھی اتنا ہی احترام دیتے ہیں، لہٰذا انہیں سب کے ساتھ ڈیل کرنے میں کوئی پریشانی نہیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہیں، دعا ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ملک کے حالات ٹھیک کرے اور سیاسی استحکام آئے۔