ہنگری کا یورپی یونین کو یوکرین کی مزید امداد کیلئے فنڈنگ روکنے اور روس پر مزید پابندیوں کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ

ہنگری نے یورپی یونین کو یوکرین کی مزید امداد کیلئے فنڈنگ روکنے اور روس پر مزید پابندیوں کی حمایت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ہنگری کے وزیر خارجہ زی آرتو نے کہاہے کہ یوکرین کی طرفداری کیلئے یورپی یونین کی جانب سے پڑوسی ملک کیساتھ جنگ آمیز رویے کے باعث یونین کی یوکرین کی امداد کیلئے پانچ سو ملین یورو (تقریباً 542 ملین ڈالرز) کی قسط روک دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہنگری یورپی یونین کی جانب سے روس پر مزید پابندیوں کے حمایت بھی نہیں کرے گا، یہ کہنا مناسب ہوگا کہ ہم بہت کچھ کر چکے ہیں۔

ہنگرین وزیر خارجہ نےفیصلے سےمتعلق اہم وجوہات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین کی جانب سے ہنگری کی او ٹی پی بینک پر پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ یوکرین میں ہنگری کے شہریوں کے تعلیمی حقوق کو بھی محدود کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک یوکرین ہنگرین بینک او ٹی پی کو بین الاقوامی جنگی اسپانسرز کی فہرست سے خارج نہیں کرتا تب تک یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کیلئے ایسے فیصلے نہیں کیے جائیں گے جن کیلئے معاشی اور مالیاتی قربانیاں درکار ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پابندیوں کے معاملے میں بھی ہمارہ یہی مؤقف ہوگا، ہم ایسی پابندیوں کی حمایت نہیں کریں گے۔