اس مردم شماری کے نتائج ہمیں قبول نہیں:سید مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی آبادی زیادہ ہے گِنا غلط گیا ہے، ہم اس مردم شماری کے نتائج قبول نہیں کریں گے۔

پی پی رہنما مراد علی شاہ نے پریس کانفرنس کے دوران کہا ہے کہ مردم شماری کے نتائج ہمیں قبول نہیں، مردم شماری سے متعلق فروری سے تحفظات ہیں، پہلے بھی کہا کہ مردم شماری درست نہیں ہو رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ چاہتے ہیں کہ ہر شخص کو گنا جائے، سندھ کی آبادی ساڑھے 6 کروڑ ہونا چاہیے، 7 ملین تک آبادی کو کم گنا گیا۔

مراد علی شاہ کا پریس کانفرنس کے دوران عمران خان کی گرفتاری اور 9 مئی کو ملک میں ہونے والے فسادات سے متعلق کہنا تھا کہ نو مئی کو وارنٹ کے ذریعے ملزم کی گرفتاری پر ملک بھر میں افراتفری پھیلائی گئی، جناح ہاؤس لاہور میں جو ہوا سب نےدیکھا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ پشاور میں ریڈیو پاکستان کی عمارت کو جلایا گیا، کراچی میں لوگوں کو تکلیف دی گئی۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیپلزبس سروس کو نقصان پنچایا گیا، ایک بس کو آگ لگائی گئی، جو جو لوگ ملوث ہیں ان کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ انتشار پھیلانے میں جو بھی ملوث ہیں کسی کو نہیں چھوڑیں گے، سب کو سزا ہو گی۔