عمران خان کو آج بھی مکمل سہولت کاری فراہم کی جارہی ہے:مولانا فضل الرحمان

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کو آج بھی مکمل سہولت کاری فراہم کی جارہی ہے، 60 امریکی ارکانِ پارلیمنٹ نے امریکی وزیر خارجہ کو خط لکھ کر عمران خان کے تحفظ کا مطالبہ کیا ہے، پاکستان کے اندرونی معاملات میں بیرونی مداخلت قبول نہیں کی جائے گی۔

اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہا کہ سپریم کورٹ، لاہور ہائی کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے جس طرح مجرموں کے حوصلے بڑھائے جا رہے ہیں اس کی مثال نہیں ملتی کہ کسی مجرم کو سپریم کورٹ کی مرسڈیز میں وی وی آئی پی طریقے سے لایا گیا؟ یہ اقدام معزز عدالت کے چہرے کو داغدار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک خاص ایجنڈے کے تحت پاکستان کی سیاست میں ایک غیر ضروری عنصر کو تحفظ دیا جا رہا ہے اس کا واضح مطلب ہے کہ ایک ادارہ ریاست کو کمزور کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم اس پر خاموش نہیں رہیں گے، سب کچھ سامنے آئے گا، ابھی ہم کچھ نہیں کہہ رہے کونسا جج مجرم سے رابطے میں ہے، کون کس لابی سے ہے، فی الحال ہم کسی کا نام نہیں لے رہے لیکن تنگ آمد بہ جنگ آمد کا معاملہ بن جائیگا، ہم سیاست میں نووارد نہیں ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ کے مطابق میں مذاکرات کا حامی نہیں ہوں، کسی کو اٹھائے جانے یا کسی کے جیل جانے پر میں خوش نہیں ہوسکتا لیکن قانون سب کیلئے یکساں ہونا چاہیے، جب سویلین عدالتوں کا کردار یہ ہوگا اور فوجی تنصیبات پر حملے ہوں گے تو آرمی ایکٹ تو حرکت میں آئے گا۔

پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جو میں ایک زمانے سے کہہ رہا تھا کہ کل تک عمران خان امریکہ کا خط لہرا رہا تھا، آج امریکی کانگریس کے ساٹھ ارکان نے عمران خان کے تحفظ کیلئے خط لکھا ہے۔