پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے رہنما و سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے رہنما و سابق صوبائی وزیر اقبال وزیر نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اقبال وزیر کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی حکومت نے مجھے صوبائی وزیر برائے ریلیف بنایا تھا، ہرموقع پرپارٹی سے وفاداری کا ثبوت دیا، 9 مئی کودلخراش واقعات پیش آئے۔

انہوں نے کہا کہ جب پارٹی میں فارورڈ بلاک کی کوشش ہوئی تو پارٹی کا ساتھ دیا، ملک سے وفاداری سیاست سے بالاتر ہے، عمران خان کی حفاظت کیلئے خود بنی گالہ اور زمان پارک گیا، ہمیشہ پارٹی قیادت سے وفاداری کا ثبوت دیا تھا۔

اقبال وزیر کا کہنا تھاکہ کسی دباؤ کے بغیر پی ٹی آئی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں، پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے دستبردار ہوتا ہوں، ملک کی سلامتی سے متصادم پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرتا ہوں اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان دوستوں کی مشاورت کے بعد کروں گا۔

سابق صوبائی وزیر کا کہنا تھاکہ پارٹی قیادت کی ہدایت پر ہمیشہ عمل کیا، سینیٹ الیکشن میں مجھے اربوں کی آفر ہوئی لیکن اسے ٹھکرایا۔

خیال رہے کہ اقبال وزیر پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر کے پی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے، وہ پی کے 111 شمالی وزیرستان ایک سے رکن اسمبلی تھے۔

اقبال وزیر پی ٹی آئی کابینہ میں وزیر ریلیف، بحالی و آبادکاری تھے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک کے کئی شہروں میں فوجی تنصیبات، مقامات، نجی و عوامی املاک پر حملے کیے گئے۔