ترکیہ صدارتی انتخابات:حتمی معرکے میں اسلام آباد میں بھی ووٹنگ جاری

ترکیہ کے صدارتی انتخابات کے حتمی مرحلے میں اسلام آباد میں بھی پولنگ بوتھ قائم کرلیا گیا اور ترک شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

ترک سفارتخانے کے مطابق اسلام آباد میں ترکیہ کے سفارتخانے میں صدارتی الیکشن کے دوسرے مرحلے کیلئے پولنگ بوتھ قائم کیا گیا ہے۔

دوسرے مرحلےکیلئے ووٹنگ آج اور 21 مئی کو بھی جاری رہے گی اور ترک شہری اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ووٹنگ صبح 9 تا شام 7 بجے تک جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ 14 مئی کو ترکیہ میں صدارتی انتخابات میں کوئی بھی امیدوار 50 فیصد ووٹ حاصل نہیں کرسکا تھا۔

صدارتی انتخابات میں صدر اردوان نے 2 کروڑ 70 لاکھ سے زائد ووٹ حاصل کیے اور وہ 49.50 فیصد ووٹ لیکر پہلے نمبر پر رہے۔

ان کے مدمقابل اپوزیشن امیدوار کمال قلیچ دار اوغلو 44.89 فیصد ووٹ لیکر دوسرے نمبر رہے۔

کسی بھی امیدوار کی جانب سے 50 فیصد ووٹ نہ لینے کے باعث اب پہلے دو امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا اور 28 مئی کو دوبارہ پولنگ ہوگی۔

ترک انتخابات کیلئے پاکستان میں بھی ووٹنگ ہوئی تھی اور صدر طیب اردوان نے پاکستان سے کامیابی حاصل کی تھی۔