کراچی: نو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا

کراچی کے تمام اضلاع میں یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین سمیت نو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا۔

کراچی کے تمام اضلاع میں یوسی چیئرمین اور وائس چیئرمین سمیت نو منتخب بلدیاتی نمائندوں کی حلف برداری کی تقریب ہوئی۔

پیپلزپارٹی، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف سمیت مختلف جماعتوں کے کامیاب امیدواروں نے حلف اُٹھایا۔

تحریک انصاف کے بعض نمائندے گرفتاری کے خوف سے حلف برداری میں نہیں شریک ہوئے جبکہ جو شریک ہوئے اُن میں سے 6 کو پولیس نے ایم پی او کے تحت حراست میں لیا گیا۔

جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی کے چار چیئرمینز اور دو وائس چیئرمینز کی گرفتاری پر شدید احتجاج کیا اور جماعت اسلامی کی پبلک ایڈ کمیٹی نے گرفتار تین نمائندوں کا رہا کرالیا، رہا کرائے جانے والوں میں یوسی چھ صدر وسیم شیرازی ، یوسی آٹھ صدر سلمان خان اور وائس چیئرمین یوسی چار صدر رحمان آفریدی شامل ہیں۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں کو گرفتار کیا جارہا ہے، پی ٹی آئی کے ووٹ کم کرکے پیپلز پارٹی اپنا میئر منتخب کروانا چاہتی ہے، ہمارا مطالبہ ہے سندھ حکومت پی ٹی آئی کے تمام گرفتار بلدیاتی نمائندوں کو حلف کیلئے پیش کرے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے یوسی چیئرمین ذیشان زیب نے کراچی میں میئر کا انتخاب روکنے کیلئے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی ہے۔

ان کا مؤقف ہے کہ 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، عدالت نے الیکشن کمیشن اور دیگر کو نوٹسز جاری کردیے۔